لاہور، 6 ؍مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان سپر لیگ 2017 جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ وہ اس جیت کو اپنے کریئر کے ایک اونچے مقام پر دیکھتے ہیں۔یاد رہے کہ ڈیرن سیمی کی قیادت میں ہی ویسٹ انڈیز نے دوبار آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیتا تھا اور اس جیت کے بعد انھیں ٹی ٹوئنٹی کاا سپیشلسٹ کپتان کہا جا رہا ہے۔لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ جس صورتحال میں ان کی ٹیم یہ فائنل جیتی اور جس مقصد کے لیے وہ پاکستان آ کر کھیلے ہیں اس لحاظ سے یہ جیت بہت معنی رکھتی ہے۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان آ کر انھیں بہت خوشی ہوئی ہے حالانکہ یہاں آنے سے قبل انھیں بھی دوسروں کی طرح تحفظات تھے۔انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انھوں نے اپنی والدہ اور بیگم سے بات کی جنھوں نے ان سے کہا کہ انھیں پاکستان جا کر ضرور کھیلنا چاہیے کیونکہ یہ ایک اچھے مقصد کے لیے ہے جبکہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور شاہد آفریدی نے بھی ان کا حوصلہ بڑھایا جس کے نتیجے میں وہ پاکستان آکر کھیلے ہیں۔نامہ نگار عبد الرشید شکور نے بتایا کہ ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں کھیل کر بہت لطف اندوز ہوئے ہیں اور یہ بالکل ایسا ہی تھا جیسے وہ سینٹ لوشیا یا کسی اور جگہ کھیل رہے ہوں اور انھیں امید ہے کہ یہ درست سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ڈیرن سیمی نے فائنل ہارنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد سے ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری مرتبہ فائنل ہارے ہیں جبکہ پشاور زلمی کے لیے یہ اچھا دن ثابت ہوا۔سرفراز احمد نے اس موقع پر کہا کہ انھیں مسلسل دوسرا فائنل ہارنے پر بہت افسوس ہے لیکن یہ شکست گذشتہ فائنل سے زیادہ تکلیف دہ ہے کیونکہ اس میچ میں ان کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ میں وہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی جو اس نے اس لیگ کے پچھلے میچوں میں دکھائی تھی۔